Wed, September 16, 2026

جے یو آئی ترجمان نے وزیراعلیٰ کو فارم 47 کا وزیراعلیٰ اور چند ماہ کے مہمان قرار دیا

جے یو آئی ترجمان نے وزیراعلیٰ کو فارم 47 کا وزیراعلیٰ اور چند ماہ کے مہمان قرار دیا

پشاور: جمعیت علماء اسلام (ف) خیبرپختونخوا کے ترجمان عبدالجلیل جان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو عارضی اور غیر مستحکم حکومت کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ "فارم 47" کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں اور خود بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کی مدت محدود ہے۔

ترجمان نے صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باوجود وزیراعلیٰ کے لاہور میں غیر ضروری دورے پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ باجوڑ جیسے حساس علاقوں کی موجودہ حالت کے پیش نظر یہ اقدام نا قابل قبول ہے۔

عبدالجلیل جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کرپشن اور نااہلی کی گہری لپیٹ میں ہے اور عوام کے وسائل کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا جلد از جلد حساب کتاب ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسفزئی کے بیانات سے ثابت ہو چکا ہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ عوامی حمایت سے محروم ہیں، اور مولانا فضل الرحمان کے حقائق پر مبنی بیانات نے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

ترجمان نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ کو اپنے سیاسی بیانات اور غیر ضروری تقریبات سے باز رہ کر صوبے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں، کیونکہ حالیہ واقعات نے عوام میں خوف و تشویش کی فضا پیدا کر رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور اپنی سیاسی جماعت کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں اور اس سے ان کی قیادت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

ٹیگز: