Wed, September 16, 2026

ہیلتھ بجٹ 390 سے 630 ارب کر دیا، اب مریضوں کو دھکے کھانا برداشت نہیں: مریم نواز

ہیلتھ بجٹ 390 سے 630 ارب کر دیا، اب مریضوں کو دھکے کھانا برداشت نہیں: مریم نواز

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں منعقدہ ہیلتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کے طبی نظام میں موجود کالی بھیڑوں اور کرپشن کے خلاف سخت ترین موقف اختیار کر لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غریب عوام کے علاج کے پیسوں پر اب کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مریم نواز نے انکشاف کیا کہ ماضی میں ہسپتالوں میں ادویات موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو محروم رکھا جاتا تھا اور سرکاری ادویات فارمیسی مالکان کے ساتھ ساز باز کر کے بیچ دی جاتی تھیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہاغریب عوام کی ادویات کا پیسہ کرپشن کی مد میں کھانے نہیں دوں گی۔ اگر کسی ایک شہری کو بھی علاج نہیں ملتا تو یہ میری اور وزیرِ صحت کی ناکامی ہو گی۔
ہسپتالوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی ٹی اسکین (CT Scan) اور ایم آر آئی (MRI) مشینوں کے خراب ہونے کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ     جو مشینیں خراب ہیں، انہیں فوری ٹھیک کرایا جائے تاکہ مریض دربدر نہ ہوں۔    عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لیے اگر "سخت فیصلے" بھی کرنے پڑے تو اس سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے تقابل کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی حکومت نے صحت کا بجٹ 399 ارب روپے سے بڑھا کر 630 ارب روپے کر دیا ہے، جو کہ عوام کو معیاری علاج کی فراہمی کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔

ٹیگز: