Wed, September 16, 2026

اسلام آباد کے اہم مقامات پر وائی فائی سروس، شہریوں کیلئے خوشخبری

اسلام آباد کے اہم مقامات پر وائی فائی سروس، شہریوں کیلئے خوشخبری

اسلام آباد :  کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر مفت وائی فائی فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔

یہ منصوبہ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت شہر کے مختلف اسٹیشنز، پارکس اور سیکٹرز میں انٹرنیٹ کی مفت سہولت دی جائے گی۔

منصوبے میں میٹرو کے 84 اسٹیشنز شامل ہیں، جبکہ شہر کے اہم مقامات جیسے کہ پاک سیکریٹریٹ سے یو پی روڈ تک 14 اسٹیشنز اور فیض احمد فیض سے جی ٹی روڈ تک 70 اسٹیشنز میں وائی فائی سروس فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ، سی اے اے اسپتال، جاپان پارک، لیک ویو پارک، دامن کوہ اور فاطمہ جناح پارک میں بھی مفت وائی فائی دستیاب ہوگا۔

شہری ہفتہ وار بازاروں جیسے جی سکس اور ایچ نائن کے بازاروں میں بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اور اسلام آباد کے پوش سیکٹرز ایف سکس اور ایف سیون میں بھی وائی فائی سروس فراہم کی جائے گی۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق، یہ سہولت رواں ماہ کے آخر تک مکمل طور پر دستیاب ہو گی، جس سے شہر کے رہائشیوں اور سیاحوں کو تیز رفتار اور جدید انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہو گی۔

اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا اور شہر کے اہم عوامی مقامات پر ڈیجیٹل رابطے کو مضبوط بنانا ہے تاکہ شہری اور سیاح دونوں جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھا سکیں۔
 

ٹیگز: