اسلام آباد: وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن نے پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا آغاز کردیا، جس کا مقصد بجلی کے شعبے میں جدید آئیڈیاز کو عملی اور قابلِ توسیع منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔
پروگرام کے لیے انوویشن ہب کو خصوصی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ یہ پروگرام محض مقابلہ نہیں بلکہ پاور سیکٹر میں جدت کے فروغ کے لیے پہلا قومی ادارہ جاتی فریم ورک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے ذریعے نوجوان پاکستانیوں کو بجلی کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنے تخلیقی اور جدید آئیڈیاز پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کے مطابق آئندہ تین برسوں کے دوران پروگرام کے لیے ایک ارب روپے سے زائد مختص کیے جائیں گے۔ فنڈز مینٹورشپ، تکنیکی معاونت، پائلٹ منصوبوں کے نفاذ اور کامیاب اختراعات کو بڑے پیمانے پر نافذ کرنے کے لیے استعمال ہوں گے۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ پروگرام کے تحت امید افزا آئیڈیاز اور تحقیق کی نشاندہی کرکے انہیں جانچا اور رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں مؤثر، قابلِ اعتماد اور پائیدار پاور سیکٹر کے لیے عملی حل میں تبدیل کیا جاسکے۔