Wed, September 16, 2026

پاکستان، ناروے میں تجارت، آئی ٹی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

پاکستان، ناروے میں تجارت، آئی ٹی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت موجودہ صلاحیت کے مقابلے میں کم ہے، جسے مؤثر اقدامات کے ذریعے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ناروے کی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ناروے کی معروف کمپنی یارا انٹرنیشنل، فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے ساتھ پاکستان میں پلانٹ نیوٹریشن کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ قائم کر رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ناروے کے ساتھ ٹیکنالوجی شراکت داری کامیابی کی ایک مثال ہے اور ناروے کے لیے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک نے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں تعلیم، دفاع، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بحری امور اور عوامی روابط کے فروغ سمیت پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے قانونی راستوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے پاکستان اور ناروے کے درمیان مضبوط شراکت داری کو سراہتے ہوئے حالیہ ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو دنیا کے لیے قابلِ قدر خدمت قرار دیا۔

ٹیگز: