اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) ہیڈکوارٹرز کی زیرِ تعمیر عمارت کا اچانک دورہ کیا اور اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کی سست رفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران عمارت میں صرف ایک مزدور کام کرتا ہوا پایا گیا۔ وزیر داخلہ کے استفسار پر مزدور نے بتایا کہ منصوبے پر 9 افراد کام کرتے ہیں، تاہم گزشتہ چند روز سے تعمیراتی کام رکا ہوا ہے۔
محسن نقوی نے منصوبے پر پیش رفت نہ ہونے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کام کی رفتار فوری طور پر تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔