اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج وفاقی دارالحکومت کے انتظامی اور سکیورٹی ڈھانچے میں تیزی لانے کے لیے 4 گھنٹے طویل فیلڈ وزٹ کیا۔ اس دوران انہوں نے شہر کے دیرینہ منصوبوں کو فعال کرنے اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کلیدی فیصلے صادر کیے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ اسلام آباد ماڈل جیل کے پہلے فیز کو 'ہائی سکیورٹی پرزن' (High Security Prison) کے طور پر تیار کیا جائے۔ انہوں نے جیل عملے کی تربیت مکمل کرنے کے لیے 30 اپریل کی حتمی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ شہریوں کو ٹریفک کے ازدحام سے نجات دلانے کے لیے وزیر داخلہ نے اتاترک ایونیو کے توسیعی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے سے بلیو ایریا اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔
کیپٹل پولیس کالج کے دورے میں جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت بڑھانے پر زور دیا گیا، جبکہ پولیس خدمت مرکز کے معائنے کے دوران عوامی شکایات کے فوری ازالے اور ڈیجیٹل سروسز کو مزید سہل بنانے کی ہدایت کی گئی۔ تمام زیرِ تعمیر منصوبوں کو 'وار فٹنگ' (War Footing) پر مکمل کیا جائے۔ جیل اور پولیس ٹریننگ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی تاخیر کو قبول نہیں کریں گے اور خود فیلڈ میں آ کر پیش رفت کا جائزہ لیتے رہیں گے۔