Wed, September 16, 2026

ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت کے مترادف ہے ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار

ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت کے مترادف ہے ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار

لاہور : لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دی جائے کیونکہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت کے مترادف ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملک کو آگے لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے مثال کامیابیاں دی ہیں، خاص طور پر معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو چار روزہ جنگ میں بھاری شکست دی۔ ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور سفارتی محاذ پر بھی پیش رفت جاری ہے، جو اس وقت تک جاری رہے گی جب تک پاکستان دنیا میں ایک مضبوط اسلامی ملک کے طور پر ابھر کر سامنے نہ آئے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت ہے۔ پی ٹی آئی کے خلاف قانونی کارروائیاں عدالتوں کے سپرد ہیں جن کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات میں کھینچا تانی سے وقت ضائع ہو چکا، اب سب کو مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی وفد نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں دہشت گرد تنظیم مجید بریگیڈ کے حوالے سے ٹھوس ثبوت امریکہ کو فراہم کیے گئے، جس کی وجہ سے امریکہ نے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔ امریکہ نے پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف کردار کو بھی سراہا ہے۔

اسحاق ڈار نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی اور بتایا کہ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس جلد جدہ میں ہوگا۔

انہوں نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو اسے جنگ کا اعلان سمجھا جائے گا۔ سندھ طاس معاہدہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ناقابلِ تبدیل ہے اور بھارت کو اسے ختم یا تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 24 کروڑ پاکستانی اس بات کا بھرپور دفاع کریں گے کہ ہمارا پانی کہیں اور نہ جائے۔

ٹیگز: