Wed, September 16, 2026

پاکستان میں بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

پاکستان میں بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے مختلف حصوں میں بارشوں کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے، اور شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، آج اسلام آباد، پنجاب کے مختلف علاقے، بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ فی الحال مغربی ہوائیں ملک کے شمالی اور بالائی حصوں میں اثر انداز ہو رہی ہیں، جو ان علاقوں میں نمی اور ٹھنڈک لے کر آ رہی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 17 اگست سے ان ہواؤں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جس سے بارشوں کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا۔ اس دوران اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور گلگت جیسے علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، اور بعض جگہوں پر تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔

17 اگست کے بعد، خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، جو مغربی ہواؤں کے ساتھ مل کر ایک طاقتور موسمی نظام بنائیں گی، جس کے نتیجے میں 18 سے 21 اگست تک ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشیں ہوں گی، جن میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے، جب کہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے بچیں، کھلے مقامات پر رہنے سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر افراد احتیاط کریں اور موسمی حالات پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: