کابل: افغانستان میں طالبان رجیم کے تحت صحافیوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ افغانستان میڈیا سپورٹ آرگنائزیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے میڈیا پر مسلط کی گئی ظالمانہ سنسر شپ اور صحافیوں کی غیر قانونی حراست نے ملک میں آزاد صحافت کا جنازہ نکال دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق زیرِ حراست صحافیوں کو بدترین حالات کا سامنا ہے جبکہ سڑکوں پر کوریج کرنے والے نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنانا معمول بن چکا ہے۔ صحافتی تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ رجیم کے اقدامات کی وجہ سے افغانستان میں میڈیا کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے اور عالمی اداروں کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔