Wed, September 16, 2026

ایران میں فائرنگ سے آٹھ پاکستانی ہلاک، پاکستان کا قونصلر معاونت کا مطالبہ

ایران میں فائرنگ سے آٹھ پاکستانی ہلاک، پاکستان کا قونصلر معاونت کا مطالبہ

اسلام آباد: وزارت خارجہ پاکستان نے ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر مہرستان میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے آٹھ پاکستانیوں کی شناخت کے لیے ایران سے قونصلر معاونت طلب کر لی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ پاک-ایران سرحد سے تقریباً 230 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، جہاں کچھ نامعلوم مسلح افراد نے ایک ورکشاپ کو نشانہ بناتے ہوئے آٹھ پاکستانی کاریگروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان اس سانحے پر ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ شناخت، تفتیش اور لاشوں کی منتقلی کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری تحقیقات کا آغاز کرے اور ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

ٹیگز: