Wed, September 16, 2026

بنگلہ دیش نے ڈھاکہ میں پاکستان کو  مات دے دی، ناہید رانا کے سامنے بیٹرز بے بس

بنگلہ دیش نے ڈھاکہ میں پاکستان کو  مات دے دی، ناہید رانا کے سامنے بیٹرز بے بس

ڈھاکہ:پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اپنی ناکامیوں کا داغ دھونے میں ایک بار پھر ناکام رہی۔ ڈھاکا ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 104 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر مسلسل تیسری فتح اپنے نام کر لی۔ 268 رنز کے ہدف کے سامنے پوری پاکستانی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور محض 163 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی دوسری اننگز میں صرف ون ڈاؤن بیٹر عبداللہ فضل ہی کچھ مزاحمت دکھا سکے، جنہوں نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ ٹیم کا کوئی بھی نامور کھلاڑی وکٹ پر کھڑا نہ ہو سکا اور پوری بیٹنگ لائن بنگلہ دیشی اسپنرز اور فاسٹ باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔
بنگلہ دیش کی جیت کے اصل معمار فاسٹ باؤلر ناہید رانا رہے، جنہوں نے اپنی تیز رفتار باؤلنگ سے پاکستانی بیٹرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 5 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کی جیت کی تمام امیدیں خاک میں ملا دیں۔
بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 وکٹوں پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو چیلنج دیا تھا، جسے پاکستانی بیٹرز پورا کرنے میں مکمل ناکام رہے۔ یہ پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی مسلسل تیسری ٹیسٹ فتح ہے۔اس شکست نے ایک بار پھر قومی ٹیم کی ٹیسٹ فارمیٹ میں گرتی ہوئی ساکھ اور کمزور بیٹنگ تکنیک کو بے نقاب کر دیا ہے۔
کھیل کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم اب پاکستان کے لیے ایک ایسا حریف بن چکی ہے جس نے ہر شعبے میں گرین شرٹس کو آؤٹ کلاس کر دیا ہے۔

ٹیگز: