اسلام آباد / نئی دہلی : جنگ بندی کے بعد پاکستان اور بھارت کے ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرلز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور سیز فائر پر بات چیت کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، پاکستان کے ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ اور بھارت کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائے کے درمیان یہ رابطہ ہوا ہے، جس میں جنگ بندی اور مختلف دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے پہلے، 10 مئی کو بھی دونوں افسران کے درمیان بات چیت ہوئی تھی، جس میں فوری سیز فائر پر اتفاق کیا گیا تھا، اور فائرنگ اور فوجی کارروائیاں روکنے پر رضا مندی ظاہر کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی کا اعلان کیا تھا اور دونوں ممالک نے تیسرے ملک کی ثالثی میں بات چیت کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل حل کیے جا سکیں۔