اسلام آباد :مشیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ مہاجرین کی نشستوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی صرف آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے ذریعے ہی کی جا سکتی ہے، اور اس سلسلے میں کوئی انتظامی فیصلہ ممکن نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جلد انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے بعد منتخب نمائندے آئینی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے قانون سازی کے مجاز ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہاجرین نشستوں سے متعلق معاملے پر آزاد کشمیر کی عدالتِ عظمیٰ پہلے ہی اپنی رائے دے چکی ہے، جس سے قانونی پہلو واضح ہو چکا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں اور غیر ضروری تنازعات سے گریز کریں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ان کے سامنے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، جبکہ ملاقات میں صرف خیبر پختونخوا کے انتظامی امور پر گفتگو ہوئی۔