Wed, September 16, 2026

"میانوالی اب بھیک نہیں مانگے گا، اپنا حق لے گا": وزیراعلیٰ مریم نواز کے بڑے اعلانات

میانوالی : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میانوالی کے عوام کے لیے خوشخبریوں کی جھڑی لگا دی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میانوالی کے نام پر اقتدار کے مزے لینے والوں نے شہر کو کچھ نہیں دیا، لیکن اب یہاں ترقی کا سورج طلوع ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ضلع کے لیے کئی اہم منصوبوں کی منظوری دی جن میں   میڈیکل، ایگریکلچر اور لا کالجز کا قیام تاکہ طلبہ کو دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے،امراضِ قلب کے مریضوں کے لیے کارڈیالوجی اسپتال اور فالج کے مفت علاج کی سہولت ، رمضان پیکیج کے تحت 40 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ہزار روپے فی کس امداد،    انفراسٹرکچر: شہر میں جدید گرین بس سروس کا آغاز شامل ہے۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے 4 سال حکومت کی انہوں نے اینٹ تک نہیں لگائی۔ انہوں نے دعویٰ کیا    پنجاب میں گزشتہ 2 سال میں جتنا کام ہوا، اتنا گزشتہ دو دہائیوں میں نہیں ہوا۔ ہم سیاست نہیں، خدمت کر کے دکھا رہے ہیں۔ اگر 3 سال مزید مل گئے تو پنجاب کی تقدیر مکمل بدل جائے گی۔
انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب میانوالی کے لوگوں کو اپنے حقوق کے لیے دربدر نہیں ہونا پڑے گا، پنجاب حکومت خود چل کر ان کی دہلیز تک آئے گی۔ انہوں نے کسانوں کو مفت زرعی اراضی دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ٹیگز: