واشنگٹن :امریکی حکومت نے پاکستان کے ایف-16 لڑاکا طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے 686 ملین ڈالر مالیت کے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے، جس سے طیاروں کی کارکردگی اور صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ اپ گریڈ پروگرام کے تحت ایف-16 بیڑے کی سروس لائف کو 2040 تک بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (DSCA) نے اس ہفتے کانگریس کو نوٹس بھیج کر اس مجوزہ فروخت سے آگاہ کیا ہے۔ اپ گریڈ پیکج میں جدید Link-16 ٹیکٹیکل کمیونیکیشن سسٹم بھی شامل ہے، جو فضائی اور زمینی فورسز کے درمیان ریئل ٹائم معلومات کے تبادلے کو ممکن بناتا ہے۔
Link-16 سسٹم دشمن اہداف کو تلاش کرنے، ٹریک کرنے اور نشانہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جس سے پاکستان کے ایف-16 طیاروں کی آپریشنل صلاحیتیں مزید مضبوط ہوں گی۔ امریکا کے مطابق یہ فروخت علاقائی سکیورٹی اور دفاعی تعاون میں ایک اہم قدم ہے۔