Wed, September 16, 2026

زمبابوے میں کشتی حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی

زمبابوے میں کشتی حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی

ہرارے: زمبابوے میں جھیل کاریبا کے اندر مسافروں سے بھری کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 44 تک جا پہنچی ہے۔

رائٹرز کے مطابق امدادی اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران جھیل سے مزید 24 لاشیں برآمد کیں، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 44 ہوگئی۔

زمبابوے کے حکام کے مطابق حادثے کے وقت کشتی میں اس کی مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافر موجود تھے۔ کشتی میں زیادہ سے زیادہ 90 افراد کے سوار ہونے کی اجازت تھی، تاہم سفر کے دوران اس پر تقریباً 120 افراد موجود تھے۔

حکام نے بتایا کہ جھیل میں چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث کشتی کا توازن بگڑا اور وہ الٹ گئی۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں 67 افراد کو زندہ بچالیا گیا، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کا عمل اب بھی جاری ہے۔

زمبابوے کی سول پروٹیکشن یونٹ کے مطابق ٹکٹوں کے ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ کشتی پر 114 مسافر اور عملے کے 5 افراد سوار تھے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر کچھ ایسے بچے بھی کشتی میں موجود تھے جن کے لیے ٹکٹ ضروری نہیں تھا، اس لیے سوار افراد کی حقیقی تعداد ریکارڈ سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

حکام کے مطابق کشتی کی مجموعی گنجائش 90 افراد تھی، جس کے باوجود اس میں مقررہ حد سے زیادہ مسافروں کو سوار کیا گیا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے واقعے کی سنگینی کے پیش نظر اسے قومی ہنگامی صورتحال قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ریسکیو کیے جانے والے افراد کو ابتدائی طور پر جھیل میں موجود لانگ آئی لینڈ پہنچایا گیا، جہاں سے سول پروٹیکشن یونٹ کی کشتیوں کے ذریعے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

جھیل کاریبا زمبابوے اور زیمبیا کی سرحد کے قریب واقع ہے اور اسے دنیا کی بڑی مصنوعی جھیلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ جھیل دریائے زیمبیزی پر ڈیم بنائے جانے کے بعد وجود میں آئی، جو تقریباً 200 کلومیٹر طویل اور بعض مقامات پر 40 کلومیٹر تک چوڑی ہے۔

ٹیگز: