اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، ہنر اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، جبکہ غریب بچوں کو بھی اعلیٰ تعلیم کے وہی مواقع ملنے چاہئیں جو اشرافیہ کے بچوں کو حاصل ہیں۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اشرافیہ کے بچوں کو تعلیم کی بہترین سہولیات میسر آجاتی ہیں، جبکہ غریب بچوں کو عام تعلیمی مواقع بھی دستیاب نہیں ہوتے۔ حکومت نے غریب اور مستحق طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ غریب کا بچہ اعلیٰ تعلیم سے کیوں محروم رہے؟ اسی سوچ کے تحت پنجاب میں دانش اسکول قائم کیے گئے، جن کا دائرہ کار دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ دانش اسکولوں کی طرز پر ایسے تعلیمی ادارے قائم کریں تاکہ غریب اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو جدید تعلیم کے حصول کے لیے چین بھیجا گیا، جبکہ میرٹ کی بنیاد پر 7 لاکھ طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔ رواں سال بھی طلبہ و طالبات میں ڈھائی لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔