اسلام آباد: عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں نوجوانوں کو پاکستان کا انمول سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لانے پر زور دیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیت، توانائی اور عزم ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوان نسل کو بہتر مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرکے پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کا انمول سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے مختلف مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔