سنگاپور : پاکستان کے نوجوان تائیکوانڈو ایتھلیٹس نے سنگاپور میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ تمغے حاصل کرلیے۔
ٹیمپینز میں 24 سے 26 جولائی تک منعقد ہونے والے گرینڈ سلام یوتھ تائیکوانڈو لیگ میں 13 سے زائد ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جہاں پاکستانی دستے نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
قدیر خان، وجاہت علی خان اور ارحم منّاف نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے طلائی تمغے جیتے، جبکہ ایان معراج اور سید احمد ایاز نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔
پاکستانی ایتھلیٹس کی یہ کامیابی عالمی سطح پر ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دی جارہی ہے اور اس سے نوجوان کھلاڑیوں میں تائیکوانڈو کے بڑھتے ہوئے رجحان اور صلاحیتوں کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔