اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 اور 10 مئی کے واقعات نے پاکستان کو ایک نئی طاقت، نیا حوصلہ اور نیا تشخص عطا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہو چکا ہے اور دشمن ہماری ایک بوند پانی کی طرف بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ میں وہی اقوام سرخرو ہوتی ہیں جن کے نوجوان بیدار اور اپنے مقصد سے جُڑے ہوں۔ انہوں نے تحریکِ آزادی میں نوجوانوں، اقلیتوں اور ہر طبقے کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا، اور کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں قوم نے بے مثال قربانیاں دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دفاعی کارروائیوں میں پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے 6 جنگی طیارے تباہ کیے جن میں جدید رافیل بھی شامل تھے۔ شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ 10 مئی کو بھارت کے فوجی غرور کو سخت دھچکا لگا اور پاکستانی افواج نے اسے بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور دشمن ایسی غلطی دوبارہ کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔