اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پنجاب کو تقسیم کر کے "مغربی پنجاب" نامی نیا صوبہ بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یہ ترمیمی بل رکن اسمبلی ریاض حسین فتیانہ نے پیش کیا، جس کا مقصد صوبہ پنجاب کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن کو نئے صوبے میں شامل کیا جائے گا، جو زراعت، صنعت اور تعلیمی شعبوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ بل میں آئینی آرٹیکلز میں تبدیلی کی سفارش کی گئی ہے، جس کے تحت صوبوں کی نشستوں کی تعداد میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔
نئے صوبے کے لیے 27 جنرل اور 8 خواتین کی نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ پنجاب کی مجموعی نشستیں بڑھا کر 138 کی جائیں گی۔ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت کی نشستوں میں بھی رد و بدل کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے بل کو متعلقہ کمیٹی کو بھیج کر مزید غور و خوض کی ہدایت دی ہے۔