Wed, September 16, 2026

امریکہ کا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دینا خوش آئند ہے: پاکستان

امریکہ کا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دینا خوش آئند ہے: پاکستان

اسلام آباد : پاکستان نے امریکا کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان پہلے ہی مجید بریگیڈ کو یکم جولائی 2024 سے دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق بی ایل اے اور اس کا یہ گروپ پاکستان میں کئی خونی حملوں میں ملوث رہے ہیں، جن میں جعفر ایکسپریس اور خضدار کی بس پر ہونے والے حملے شامل ہیں، جن میں کئی بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف سخت مؤقف اپنایا ہے اور اس کے خلاف طویل جدوجہد میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ان قربانیوں کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کام کرتا رہے گا۔

ٹیگز: