اسلام آباد :ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ موحنّد غالب محمد رعدی الاسدی نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور مشترکہ تربیتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، معزز مہمان کو ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً فضائی افواج کی مشترکہ مشقیں، تربیت، اور ایوی ایشن انڈسٹری میں اشتراک کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
ایئر چیف مارشل نے پاکستان اور عراق کے تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ دونوں فضائی افواج کے درمیان گہرے پیشہ ورانہ روابط کی بنیاد ہے۔ انہوں نے عراقی فضائیہ کو ہر ممکن تربیتی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید تربیتی نظام اور تکنیکی مہارتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عراقی فضائیہ پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تربیتی نظام کو ازسرِنو تشکیل دینا چاہتی ہے۔
بعد ازاں، وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، سائبر کمانڈ، اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں پی اے ایف کی جدید صلاحیتوں اور اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق، یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی روابط اور اشتراکِ عمل کے تسلسل کی علامت ہے۔