Wed, September 16, 2026

پاکستان اور یو اے ای کا منشیات کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق

پاکستان اور یو اے ای کا منشیات کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق

اسلام آباد : پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے منشیات کے خلاف جنگ میں ایک ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یو اے ای کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان نے ملاقات کی۔

وزارت داخلہ میں ہونے والی اس ملاقات میں منشیات کے خلاف کارروائیوں، معلومات کے تبادلے، اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بات چیت ہوئی۔ دونوں ملکوں نے انسداد منشیات کے لیے خصوصی نمائندے بھی مقرر کیے ہیں — پاکستان سے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور یو اے ای سے بریگیڈیئر طاہر غریب۔

محسن نقوی نے یو اے ای میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا اور شیخ زید بن حماد کو ادارے کا پہلا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ دونوں ملکوں کے درمیان منشیات کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ حال ہی میں یو اے ای میں مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں 400 منشیات فروش گرفتار کیے گئے اور 5 ٹن سے زائد منشیات پکڑی گئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سنتھیٹک ڈرگز کی اسمگلنگ میں اضافے کے خلاف کڑا ایکشن لیا جا رہا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے، کیونکہ یہ ہماری نسلوں کے مستقبل کا سوال ہے۔

شیخ زید بن حماد نے بھی یقین دہانی کروائی کہ متحدہ عرب امارات انسداد منشیات کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل کو محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔اس ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

ٹیگز: