صنعاء : یمن کے دارالحکومت صنعا اور الجوف میں اسرائیل کے فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 130 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ ایک طبی مرکز کو بھی نشانہ بنائے گئے، جس سے عام لوگوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یہ فضائی حملے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر حملے کے اگلے دن کیے گئے۔ اسرائیل نے بیان میں کہا ہے کہ اس کا نشانہ حوثی ملیشیا کے فوجی ٹھکانوں پر تھا۔
یمن کی وزارت صحت نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی اسرائیل نے یمن میں حملہ کیا تھا جس میں یمنی وزیر اعظم احمد الرحوی شہید ہو گئے تھے۔
حوثی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ان کی حمایت ختم کروانے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، مگر وہ اسرائیل کی جنگ ختم ہونے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
گذشتہ 72 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے فلسطین، لبنان، شام، تیونس، قطر اور یمن سمیت چھ مختلف ممالک میں حملے کیے ہیں، جس سے خطے کی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔