Wed, September 16, 2026

اسرائیل کا یمن میں حوثی گروپ پر فضائی حملہ، کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا

اسرائیل کا یمن میں حوثی گروپ پر فضائی حملہ، کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا

الحدیدہ :اسرائیل نے یمن میں حوثی اکثریتی گروپ انصار اللہ کے خلاف فضائی کارروائی کی ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ یہ حملے یمن سے اسرائیل پر ہونے والے میزائل حملوں کے جواب میں کیے گئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق، حوثیوں نے حالیہ دنوں میں اسرائیل کی طرف کم از کم تین بیلسٹک میزائل فائر کیے، جن میں سے ایک کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔ ردعمل میں اسرائیلی طیاروں نے یمن کے الحدیدہ، الصلیف اور راس عیسیٰ بندرگاہوں کے ساتھ راس قطب پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حوثی ایک ایسے بحری جہاز پر ریڈار سسٹم لگا کر استعمال کر رہے تھے جس کے ذریعے وہ بین الاقوامی سمندری راستوں پر موجود جہازوں کی نگرانی اور ممکنہ دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ حملے سے قبل مقامی لوگوں کو انخلا کی وارننگ بھی دی گئی تھی۔

وزیر دفاع اسرآئیل کٹز نے ان حملوں کو "آپریشن بلیک فلیگ" کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ اگر حوثیوں کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملے جاری رہے تو اسرائیل مزید کارروائیاں کرے گا۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو امریکہ روانہ ہو چکے ہیں جہاں ان کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کو اس وقت کئی محاذوں پر خطرات کا سامنا ہے۔ حماس کے ساتھ جاری جنگ کے دوران حزب اللہ (لبنان) اور حوثی (یمن) گروپ بھی اسرائیل پر حملے کر رہے ہیں، جن کا دعویٰ ہے کہ وہ فلسطینیوں سے یکجہتی کے طور پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

ٹیگز: