Wed, September 16, 2026

سپیریئر یونیورسٹی صرف تعلیمی ادارہ نہیں، ایک مشن ہے: پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان

سپیریئر یونیورسٹی صرف تعلیمی ادارہ نہیں، ایک مشن ہے: پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان

"ایلومنائی ہمارے سابق طلبہ نہیں، ہمارے بچے ہیں، جو دنیا بھر میں پاکستان کا فخر بنے ہوئے ہیں"

لاہور:سپیریئر یونیورسٹی کے چیئرمین، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ سپیریئر صرف ایک یونیورسٹی نہیں بلکہ ایک مشن ہے، جس کا مقصد طلبہ کو نہ صرف کامیاب پیشہ ور، بلکہ باکردار، باعمل اور باوقار انسان بنانا ہے۔ وہ سپیریئر یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ایلومنائی ری یونین 2025 سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ "آج کا دن ہمارے لیے عید سے کم نہیں، کیونکہ ہمارے ایلومنائی، جو ہمارے دل کے قریب ہیں، ایک بار پھر سپیریئر کے احاطے میں موجود ہیں۔ یہ ادارہ اپنے طلبہ کو خوش آمدید کہنے کے لیے مدت سے منتظر تھا۔

پروفیسر ڈاکٹرچوہدری عبدالرحمان نے ایلومنائی کو "میرے سپر ہیروز" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 37 ممالک میں ہمارے تقریباً 50 ہزار ایلومنائی مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سپیریئر یونیورسٹی اپنے مشن میں کامیاب ہو رہی ہے۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے نبی کریم حضرت محمد ﷺ کو انسانی تاریخ کا سب سے بڑا اور کامیاب رول ماڈل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا "سپیریئر یونیورسٹی کی تحقیق نے ہمیں یہ سکھایا ہے کہ اگر کوئی شخصیت حقیقی رول ماڈل ہو سکتی ہے تو وہ ہمارے پیارے نبی ﷺ ہیں، جنہیں نبوت سے پہلے ہی صادق و امین کہا جاتا تھا۔"

انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو محض پروفیشنلز بنانے سے پہلے بہتر انسان بنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
"ہمیں سچ، ایمانداری، صبر، شکر، اور برداشت جیسے اخلاقی اقدار کو اپنانا ہوگا، کیونکہ جھوٹ بولنے والا شخص مسلمان ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔چیئرمین سپیریئر گروپ نے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا "ہمارا خواب ہے کہ ہر طالبعلم ایک ایسا رول ماڈل بنے جسے دیکھ کر لوگ متاثر ہوں اور زندگی میں کچھ مثبت کرنے کی تحریک پائیں۔ ہماری کوشش ہے کہ سپیریئر سے فارغ التحصیل ہر فرد معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی کا باعث بنے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صرف اپنی ذاتی ترقی پر توجہ نہ دیں بلکہ معاشرتی بہتری کے لیے بھی کام کریں۔

تقریر کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اپنی ابتدائی جدوجہد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ "میں آج جس مقام پر ہوں، اس کا سہرا اُن لوگوں کو جاتا ہے جنہوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔ خاص طور پر میں چوہدری عبدالخالق کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس وقت میرا حوصلہ بڑھایا جب میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔

ٹیگز: