Wed, September 16, 2026

ایوانِ صدر میں اہم بیٹھک: وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات، ایران امریکہ تعلقات میں پاکستان کی ثالثی پر مشاورت

ایوانِ صدر میں اہم بیٹھک: وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات، ایران امریکہ تعلقات میں پاکستان کی ثالثی پر مشاورت

اسلام آباد: ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان اہم رابطوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملکی سلامتی اور بین الاقوامی سفارتی محاذ پر پاکستان کے کردار کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدر زرداری سے ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور داخلی امن و امان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
 اجلاس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تناؤ کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے ممکنہ ثالثی کے کردار پر خصوصی غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے پر آمادہ ہے۔ ملک کی سرحدوں کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر مملکت کو معاشی اصلاحات اور حکومتی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں اور سیاسی قوتوں کا ایک پیج پر ہونا ناگزیر ہے۔
   ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں صرف داخلی معاملات ہی نہیں بلکہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں پاکستان کی نئی سفارتی حکمت عملی پر بھی اتفاقِ رائے پیدا کیا گیا۔

ٹیگز: