اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور اس کی تکمیل کے لیے رواں ماہ کے آخر تک کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ 22 مئی کو انڈر پاس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ کو چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبہ اس مہینے کے آخر تک مکمل کر لیا جائے، اور تعمیراتی کام کی نگرانی بھی جاری رکھی جائے۔
محسن نقوی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بارشوں کے باوجود کام کی رفتار اور معیار تسلی بخش ہے۔ انہوں نے منصوبے کے اطراف میں گرین ایریاز اور بہتر لینڈ اسکیپنگ کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ انڈر پاس مکمل ہونے کے بعد شہر کا منظر مزید دلکش ہو۔
انہوں نے ایکسپریس وے پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لیے ٹریفک نظام اور شہری سہولتوں کی بہتری اولین ترجیح ہے۔
سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ منصوبے کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور چار میں سے تین سلپ سڑکیں بھی تیار ہو چکی ہیں۔ عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے، اور تمام ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دورے کے دوران وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔