Wed, September 16, 2026

میڈیا ورکرز کے تحفظ اور انڈسٹری کی مضبوطی کے لیے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے: عطا اللہ تارڑ

میڈیا ورکرز کے تحفظ اور انڈسٹری کی مضبوطی کے لیے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کی مضبوطی اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس کے استحکام کو یقینی بنانا قومی ضرورت ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا ادارے پیمرا، ایف بی آر اور دیگر ریگولیٹری اداروں کے سامنے جوابدہ ہیں، جبکہ ٹاک شوز اور خبروں میں اپوزیشن کو بھی حکومت کے برابر مواقع دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی ابھی حتمی طور پر منظور نہیں ہوئی، جبکہ حکومتی تشہیری مہمات کے لیے پی آر فرمز کے ذریعے علیحدہ طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے پاکستان براڈکاسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دورانِ ملازمت انتقال کی صورت میں مالی معاونت کی پالیسی پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ چینلز کو اپنے ملازمین کے لیے بہتر مالی پیکجز اور بچوں کی کفالت کے نظام پر بھی کام کرنا چاہیے۔

ٹیگز: