Wed, September 16, 2026

ٹرمپ ایران سے جواب نہ ملنے پر برہم تھے، حملوں سے قبل معاہدے کی کوششیں جاری رہیں: امریکی رپورٹ

ٹرمپ ایران سے جواب نہ ملنے پر برہم تھے، حملوں سے قبل معاہدے کی کوششیں جاری رہیں: امریکی رپورٹ

واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے بعد حالیہ حملوں کی منظوری دی۔ دو سینئر امریکی حکام کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ امریکی تجاویز پر ایران کی جانب سے جواب نہ ملنے پر گزشتہ دو ہفتوں سے شدید مایوسی کا شکار تھے۔

رپورٹ کے مطابق اپاچی ہیلی کاپٹر کی تباہی حملوں کا فوری محرک بنی، تاہم اصل وجہ ایران کے ساتھ تعطل کا شکار سفارتی عمل تھا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی محدود پیمانے پر رکھی گئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ جانی نقصان کم سے کم ہو تاکہ مستقبل میں معاہدے کے امکانات برقرار رہیں۔

امریکی ویب سائٹ کے مطابق حملوں سے قبل ایران کو پیغام دیا گیا تھا کہ کارروائی کا ہدف صرف فوجی تنصیبات ہوں گی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ واشنگٹن نے فوجی کارروائی سے پہلے معاہدے کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش کی، لیکن مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے پر حملوں کا فیصلہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق امریکی انتظامیہ اب بھی سفارتی راستہ کھلا رکھنے کی خواہاں ہے اور حالیہ کارروائی کو مکمل تصادم کے بجائے دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ٹیگز: