Wed, September 16, 2026

پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لائیں؛ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ 'بڑے معاہدے' کا اشارہ، فوجی مشن معطل

پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لائیں؛ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ 'بڑے معاہدے' کا اشارہ، فوجی مشن معطل

واشنگٹن :مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے خاتمے کی بڑی امید پیدا ہوگئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سمیت عالمی برادری کی درخواست پر آبنائے ہرمز میں جاری فوجی مشن 'پروجیکٹ فریڈم' کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں دنیا کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ایران کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات میں ایسی پیش رفت ہوئی ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا ہم ایک حتمی اور مکمل معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان اور دیگر دوست ممالک کی درخواست پر ہم نے 'پروجیکٹ فریڈم' کو عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سفارت کاری کو مکمل موقع دیا جا سکے۔
واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان نے اس تناؤ کو ختم کرنے کے لیے پسِ پردہ اہم سفارتی کردار ادا کیا، جس کا اعتراف خود امریکی صدر نے کیا۔ آبنائے ہرمز میں امریکی بحری بیڑے کی وہ سرگرمیاں جو تجارتی جہازوں کو اپنی حفاظت میں لے کر گزر رہی تھیں، اب روک دی گئی ہیں۔اس نرمی کے باوجود، امریکہ نے واضح کیا ہے کہ ایران کی ناکہ بندی تب تک ختم نہیں ہوگی جب تک معاہدے پر باقاعدہ دستخط نہیں ہو جاتے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ فیصلہ 'طاقت کے بعد صلح' کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف کی گئی فوجی کارروائیوں کے بعد امریکہ اب ایک مضبوط پوزیشن سے مذاکرات کی میز پر بیٹھا ہے۔آئندہ 48 سے 72 گھنٹے عالمی سیاست کے لیے انتہائی اہم ہیں، کیونکہ اگر یہ معاہدہ طے پا گیا تو اس سے نہ صرف مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوگا بلکہ عالمی معیشت اور تیل کی قیمتوں میں بھی بڑا ریلیف ملے گا۔

ٹیگز: