ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے امیتابھ بچن کو اپنی پرانی ساتھی اداکارہ ریکھا سے شادی کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں راکھی ساونت جیا بچن کے ملبوسات پر بھی طنزیہ تبصرے کرتے نظر آئیں۔
راکھی نے کہا کہ آج کل دو شادیاں کرنے کا رواج عام ہو گیا ہے، اس لیے وہ امیتابھ بچن سے کہیں گی کہ ریکھا سے شادی کر لیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ امیتابھ بچن نے شادی کے لیے جیا بچن کا انتخاب کیوں کیا اور ریکھا کو کیوں نہیں چنا۔
راکھی ساونت نے جیا بچن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کروڑ پتی اور ارب پتی ہیں، لیکن پھر بھی ان کا لباس اچھا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر جیا انہیں اپنی سالگرہ میں مدعو کریں تو وہ انہیں تحفے میں ایک خوبصورت سوٹ پیش کریں گی۔
اداکارہ نے جیا بچن کو مشورہ دیا کہ چونکہ وہ امیتابھ بچن کی اہلیہ ہیں، بہتر ہوگا کہ وہ اپنے بالوں کو ڈائی کروائیں اور چہرے پر بوٹاکس کروائیں۔
آخر میں راکھی ساونت نے کہا کہ اگر انہیں امیتابھ بچن کے لیے جیا اور ریکھا میں سے کسی کا انتخاب کرنے کو کہا جائے، تو وہ ریکھا کا انتخاب کریں گی۔