لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی خواتین کو ملکی ترقی کا محور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ وقت گزر گیا جب خواتین کو کمزور سمجھا جاتا تھا، آج کی عورت جہاز بھی اڑا رہی ہے اور صوبہ بھی چلا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ "پنک گیمز" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران نوجوانوں کے لیے اہم اعلانات کیے۔ رواں سال کو باقاعدہ طور پر 'یوتھ ایئر' ڈکلیئر کر دیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے نکال کر کھیل کے میدانوں میں لانا ہے۔کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے لاہور میں بہت جلد سپورٹس سٹی کی تعمیر شروع کی جائے گی۔
'ہونہار اسکالرشپ' پروگرام میں لڑکیوں کی 60 فیصد شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اسے خواتین کی تعلیمی برتری قرار دیا۔
مریم نواز نے خواتین کے تحفظ کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا میں چاہتی ہوں کہ پنجاب کی ہر بیٹی، بہن اور ماں خود کو محفوظ تصور کرے۔ ہم نے پولیس اور انتظامیہ کو متحرک کیا ہے جس کی وجہ سے خواتین کے خلاف جرائم میں 72 فیصد تک کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت کے وژن کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری صرف انفراسٹرکچر اور سڑکیں بنانا نہیں بلکہ پنجاب کی ثقافت کو زندہ رکھنا بھی ہے۔ انہوں نے بسنت کے کامیاب انعقاد اور شہریوں کی جانب سے حفاظتی ایس او پیز کی پابندی کو سراہا اور اسے ایک ذمہ دار معاشرے کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے خاص طور پر والدین سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ اپنی بیٹیوں پر اعتماد کریں اور انہیں ان کے خوابوں کی تکمیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں، کیونکہ بااختیار عورت ہی بااختیار معاشرے کی ضامن ہے۔