واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مئی 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکا تھا۔ ان کے مطابق، انہوں نے ٹیرف (محصولات) کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اس تنازعہ کو کم کیا۔
ٹرمپ نے ایک امریکی نیوز چینل کو بتایا کہ انہوں نے 8 جنگوں کو ختم کرایا، جن میں سے کم از کم 6 جنگیں صرف ٹیرف کی وجہ سے رکیں۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے دونوں ممالک کو یہ پیغام دیا تھا کہ اگر جنگ نہ روکی گئی تو وہ تجارتی پابندیاں عائد کریں گے، کیونکہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ لوگ مر جائیں۔
ان کے مطابق، بھارت اور پاکستان کے درمیان حالات بہت کشیدہ تھے اور یہ جوہری جنگ بننے کی حد تک پہنچ چکے تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک آمنے سامنے تھے اور 10 طیارے تباہ ہو چکے تھے۔ اس وقت پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے ان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اس کشیدگی کو کم کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔
ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 3 دہائیوں سے جاری تنازعہ کو محض ڈیڑھ دن میں حل کر لیا تھا، اس دوران دونوں ممالک کو واضح پیغام دیا کہ اگر لڑائی جاری رکھی تو امریکہ سخت تجارتی اقدامات کرے گا۔
ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے بھی سخت موقف اختیار کیا اور کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکہ مزید سخت اقدامات کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو امریکی فوجی طاقت کا اچھی طرح سے اندازہ ہو چکا ہے اور اگر مذاکرات کا دوسرا دور کامیاب نہ ہوا تو امریکہ ایران کے قریب ایک اور بحری بیڑہ بھیج سکتا ہے۔