Wed, September 16, 2026

مشعال ملک کا یاسین ملک کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ میں مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ

مشعال ملک کا یاسین ملک کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ میں مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ

کراچی: کشمیری رہنما مشعال ملک نے بھارت میں قید یاسین ملک کی رہائی کے لیے پاکستان سے اقوام متحدہ میں مقدمہ دائر کرنے کی اپیل کی ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیری رہنما کو جھوٹے الزامات میں ملوث کر کے سولی پر چڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان ہندو کونسل کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عالمی سطح پر اس مہم کا آغاز کر رہی ہیں تاکہ کشمیری رہنما کی رہائی کے لیے عالمی دباؤ بڑھایا جا سکے۔

یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگ ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، اور یہی رشتہ ملک کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاسین ملک کا پورا سیاسی سفر امن، مذاکرات اور انسانی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد پر مبنی ہے۔ پلوامہ کے بعد بھی یاسین ملک نے مذاکرات کی حمایت کی اور امن کے راستے کو اختیار کیا۔

مشعال ملک نے وضاحت کی کہ یاسین ملک کی تحریک کسی ایک مذہب یا برادری تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس میں سکھ، پنڈت اور دیگر اقلیتی گروہ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کی آزادی کی تحریکوں میں مختلف اقلیتی برادریوں نے اہم کردار ادا کیا۔

یاسین ملک کی اہلیہ نے اعلان کیا کہ جلد ہی ایک ڈیجیٹل ریفرنڈم کرایا جائے گا جس سے دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی حقیقت اور کشمیری عوام کی اصل رائے کا پتہ چلے گا۔ اس مہم کو محض ایک سیاسی کمپین نہ سمجھا جائے، بلکہ یہ ایک انسانی حقوق کی جدوجہد ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ "سیو یاسین ملک" مہم میں شامل تمام افراد کا شکر گزار ہوں، تاہم اب اس آواز کو ہر گھر تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں ایک بڑی عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی جس میں یونیورسٹی طلباء، گراس روٹ سطح پر والنٹیئر نیٹ ورک اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے عوامی رابطہ بڑھایا جائے گا۔

مشعال ملک نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایک خصوصی ویب سائٹ لانچ کی جا رہی ہے جہاں لوگ اپنے آئیڈیاز، تجاویز اور عملی منصوبے پیش کر سکیں گے تاکہ عالمی مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی زندگی بچانے کے لیے عالمی برادری کو عملی قدم اٹھانا ہوگا۔ وہ خود ہر قربانی دے چکی ہیں، اور اب عوام کا وقت ہے کہ وہ اس جدوجہد میں شریک ہوں۔

پیٹرن ان چیف رمیش کمار نے اس موقع پر کہا کہ مسئلہ کشمیر 78 سال سے موجود ہے اور مشعال ملک اور یاسین ملک کی جدوجہد کبھی ضائع نہیں جائے گی۔ ایک دن یہ جدوجہد کامیاب ہوگی اور کشمیر کے مسئلے کا حل نکالا جائے گا۔

ٹیگز: