لاہور : آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی 10 ٹیموں کی پوزیشن واضح ہوگئی ہے، جبکہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
جنوبی افریقا اور زمبابوے کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈکپ کے لیے دونوں میزبان ٹیموں کو پہلے ہی براہ راست جگہ مل چکی ہے۔ اس کے علاوہ 30 ستمبر کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ آٹھ میں رہنے والی ٹیمیں بھی براہ راست عالمی کپ میں شرکت کریں گی۔
افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف بیلفاسٹ میں اہم کامیابی حاصل کرکے رینکنگ میں اپنی آٹھویں پوزیشن تقریباً محفوظ کرلی ہے۔ موجودہ صورتحال کے مطابق آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش اور افغانستان براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل ہیں۔
میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے کو شامل کیا جائے تو براہ راست ورلڈکپ میں پہنچنے والی ٹیموں کی تعداد 10 ہوجاتی ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے لیے براہ راست ورلڈکپ تک رسائی کے امکانات ختم ہوچکے ہیں۔ رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز کو کٹ آف تاریخ سے قبل بھارت کے خلاف دو ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، تاہم ان میں کامیابی بھی اسے ٹاپ آٹھ میں شامل نہیں کرسکے گی۔
ویسٹ انڈیز سمیت دیگر ٹیموں کو اب فروری 2027 میں ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر کے ذریعے میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔
ایسوسی ایٹ ٹیموں کے لیے کوالیفکیشن کا عمل بھی مرحلہ وار ہوگا۔ چیلنج لیگ میں 12 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم ہوں گی اور ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں کوالیفائر پلے آف میں پہنچیں گی۔
کرکٹ ورلڈکپ لیگ 2 کی آٹھ ٹیموں میں سے چار بہترین ٹیمیں بھی کوالیفائر مرحلے کا حصہ بنیں گی۔
ورلڈکپ کی باقی چار نشستوں کا فیصلہ 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک جاری رہنے والے 10 ٹیموں کے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں ہوگا، جہاں سے کامیاب ہونے والی چار ٹیمیں عالمی کپ کے لیے اپنا ٹکٹ حاصل کریں گی۔