لاہور : آئی سی سی نے جولائی 2026 کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے تین کھلاڑیوں کو حتمی امیدواروں میں شامل کرلیا ہے۔ نامزد کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز، انگلینڈ کے ہیری بروک اور بنگلا دیش کے تنزید حسن شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز نے گزشتہ ماہ ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں متاثر کن کھیل پیش کیا۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 180 رنز کی بڑی اننگز کھیلی، جس سے ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کرنے میں مدد ملی۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں بھی گریوز نے گیند سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ پہلے ٹیسٹ کی ابتدائی اننگز میں انہوں نے صرف 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
جولائی کے دوران دو ٹیسٹ میچز میں ویسٹ انڈین کھلاڑی نے 215 رنز سکور کیے اور ان کی اوسط 71.66 رہی، جبکہ بولنگ میں انہوں نے 8 وکٹیں اپنے نام کیں۔
انگلینڈ کے ہیری بروک نے بھارت کے خلاف پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ بروک نے سیریز کے دوران 229 رنز بنائے، ان کی اوسط 114.50 اور سٹرائیک ریٹ 214.01 رہا۔ عمدہ کارکردگی کی وجہ سے انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی منتخب کیا گیا۔
ادھر بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن نے زمبابوے کے خلاف محدود اوورز کی دونوں سیریز میں رنز کے انبار لگائے۔ انہوں نے تین ون ڈے میچز میں 159 رنز بنانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مزید 140 رنز کا اضافہ کیا۔
تنزید حسن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کو ملا کر دونوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے، جس کے باعث انہیں بھی جولائی کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اب ان تینوں کھلاڑیوں میں سے جولائی 2026 کے بہترین کرکٹر کا انتخاب کیا جائے گا۔