Wed, September 16, 2026

یومِ آزادی پر احتجاج کا فیصلہ نامناسب ہے، پی ٹی آئی احتجاج ملتوی کرے: عظمیٰ بخاری

یومِ آزادی پر احتجاج کا فیصلہ نامناسب ہے، پی ٹی آئی احتجاج ملتوی کرے: عظمیٰ بخاری

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 14 اگست کو احتجاج کے اعلان کو قومی دن کی مناسبت سے نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ آزادی کا دن جشن اور یکجہتی کا دن ہے، انتشار یا سیاست کا نہیں۔

ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملک بھر میں 14 اگست کو آزادی کے ساتھ ساتھ آپریشن "بنیان المرصوص" کی کامیابی کا جشن بھی منایا جائے گا، ایسے میں احتجاجی سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، اور ایسی کسی بھی کوشش کی صورت میں ریاستی ادارے حرکت میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی کال پر 5 اگست کو بھی عوامی ردعمل نہ ہونے کے برابر تھا، اور موجودہ حالات میں عوام بانی پی ٹی آئی کی پرتشدد سیاست سے لاتعلق ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام بھی اب اس طرزِ سیاست سے بیزار دکھائی دیتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے ماضی میں بھی قومی اور مذہبی تہواروں کو دھرنوں اور احتجاج کی نذر کیا، جو قابل افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "قومی دنوں پر احتجاج محبِ وطن جماعتوں کا ایجنڈا نہیں ہو سکتا۔"

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت کسی بھی ایسی سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گی جو عوام کے جذبات یا جشنِ آزادی کے ماحول کو متاثر کرے۔

ٹیگز: