دوحہ : قطری نیوز چینل الجزیرہ نے بتایا ہے کہ غزہ کے الشفا ہسپتال کے قریب اسرائیلی فورسز کے نشانے پر پانچ الجزیرہ کے صحافی مارے گئے ہیں۔ ان میں نامہ نگار انس الشریف، محمد قرائیا اور کیمرہ مین ابراہیم ظہیر، محمد نوفل اور مومین علیوا شامل ہیں۔ یہ سب صحافی ہسپتال کے باہر ایک خیمے میں موجود تھے جب اچانک حملہ ہوا۔
الجزیرہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ جان بوجھ کر آزادی صحافت کو دبانے کے لیے کیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے خود تسلیم کیا کہ انس الشریف پر حملہ کیا گیا اور الزام لگایا کہ وہ حماس کے دہشت گرد سیل کے سربراہ تھے۔
الجزیرہ کے منیجنگ ایڈیٹر محمد معوض نے کہا کہ انس الشریف غزہ کی آواز تھے اور وہ محض رپورٹنگ کر رہے تھے، نہ کہ کسی جنگ میں فرنٹ لائن پر تھے۔ ان کے مطابق اسرائیل غزہ کے اندر کام کرنے والے صحافیوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے۔
کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 186 صحافی مارے جا چکے ہیں۔ اسی دوران 662 فلسطینی کھلاڑی اور کھیلوں سے وابستہ افراد بھی شہید ہو چکے ہیں۔