Wed, September 16, 2026

کاروباری لاگت میں کمی، تجارت میں آسانیاں؛ وزیراعظم نے اہم اقدامات کی منظوری دے دی

کاروباری لاگت میں کمی، تجارت میں آسانیاں؛ وزیراعظم نے اہم اقدامات کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کے پہلے اجلاس میں تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے تجارتی عمل میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے، کاروباری لاگت کم کرنے اور برآمدات کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے بڑی بندرگاہوں پر تمام متعلقہ اداروں کی سہولیات ایک ہی مقام پر فراہم کرنے اور مشترکہ انسپیکشن و پروفائلنگ کا نظام متعارف کرانے پر زور دیا۔ انہوں نے تمام نان ٹیرف اقدامات کا جامع آڈٹ کرکے تجارت کی راہ میں حائل غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے پاکستانی بندرگاہوں تک براہِ راست شپنگ لائنز لانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملکی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک ترسیل مزید تیز اور آسان ہوگی۔

اجلاس میں قومی تجارتی کارکردگی انڈیکس تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس میں کارگو ڈویل ٹائم، کسٹمز کلیئرنس، لاجسٹکس اور دیگر اہم اشاریوں کی کارکردگی جانچی جائے گی۔

وزیراعظم نے ایس ایم ایز کا تجارت میں حصہ بڑھانے، رسک مینجمنٹ نظام بہتر بنانے اور کارگو کلیئرنس کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تجارتی عمل میں مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرنے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں رواں مالی سال کے اختتام تک 30 فیصد پری ارائیول کلیئرنس، گرین چینل کا حصہ 65 فیصد اور مجاز اقتصادی آپریٹرز کی تعداد 50 سے زائد کرنے کے اہداف مقرر کیے گئے۔

وزیراعظم نے نان ٹیرف اقدامات کے جائزے کے لیے ورکنگ گروپ کی منظوری دیتے ہوئے اسے ایک ماہ میں تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے روڈ میپ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ٹیگز: