واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے ایک بار پھر اہم پیشگوئی کردی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ امریکا میں مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد ایران جنگ ختم ہوجائے گی، کیونکہ تہران مزید جنگ جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہوگا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی تیزی سے کم ہوجائیں گی۔
ٹرمپ نے ایران کے ساتھ نئے معاہدے میں دلچسپی نہ ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے مذاکرات کا دروازہ بھی کھلا رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا مذاکرات کا انتظار نہیں کر رہا، تاہم ایران کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔
انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو امریکا کی بڑی تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کرلیے تو پوری دنیا مشکلات سے دوچار ہوسکتی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق ممکنہ مذاکرات میں اب ایسے معاملات بھی زیر بحث آسکتے ہیں جو تین ماہ قبل مذاکرات کی میز پر موجود نہیں تھے۔