گلڈفورڈ: پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کے خلاف چار میچز کی سیریز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 177 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 151 رنز بنائے، جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 115 رنز کی سنچری سکور کی۔
دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 268 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جو پاکستان کی بڑی اننگز کی بنیاد بنی۔
333 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی بیٹنگ لائن اپ پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 155 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد سیام نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 39 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس فتح کے بعد پاکستان کو چار میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے 12 ستمبر کو گلڈفورڈ میں کھیلا جائے گا۔