Wed, September 16, 2026

لیسکو کا سولر صارفین کے لیے نیا حکم، اب صرف اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب لازمی

لیسکو کا سولر صارفین کے لیے نیا حکم، اب صرف اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب لازمی

لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سولر انرجی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک نیا فیصلہ جاری کیا ہے جس کے تحت اب سولر کنکشن کے ساتھ صرف اے ایم آئی میٹرز نصب کیے جائیں گے۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں اس میٹر کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، اے ایم آئی میٹر کی قیمت تقریباً 35 ہزار روپے سے بڑھ کر 70 ہزار روپے ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے سولر صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ نئے سولر کنکشن کی درخواستوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزارت توانائی کی ہدایات کی روشنی میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب، صوبے میں سولر پینلز کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، 2022 اور 2023 کے دوران ضلع راجن پور کے 50 سے زائد اسکولوں سے سولر پینلز چوری ہو چکے ہیں۔ اس ضمن میں پنجاب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

پی اے سی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تنزیل اسلم ملک نے تعلیمی اداروں میں لگے ہوئے قیمتی سولر پینلز کی چوری پر سخت نکتہ چینی کی اور اسے انتظامی لاپروائی قرار دیا۔

کمیٹی نے محکمہ تعلیم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری دوسروں پر منتقل کرنا درست نہیں۔ پی اے سی نے ہدایت کی کہ فوری طور پر تمام اسکولوں کے چوری شدہ سولر پینلز کی تعداد معلوم کی جائے، کتنے بحال ہوئے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

یہ تمام پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب حکومت توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دے رہی ہے، مگر قیمتوں میں اضافہ اور چوری کے واقعات عوام میں تشویش پیدا کر رہے ہیں۔

ٹیگز: