Wed, September 16, 2026

اسلو کراسانا ہور! نوبل انعام مبارک

اسلو کراسانا ہور! نوبل انعام مبارک

ادب کے افق پر آج ایک ایسا دن ہے جسے روحانیت، گہرائی اور فکری وسعت کے قاری مدتوں یاد رکھیں گے۔ عظیم ہنگری ادیب لاسلو کراسانا ہور کو نوبل انعام ملنے کی خبر گویا ایک خوشگوار جھونکے کی طرح آئی ہے، ایک ایسا جھونکا جو مغربی دنیا کے فکری جنگل میں مشرق کی خاموش اور روشن ہوا لے آیا ہے۔ میرے لیے یہ انعام کسی ایک ادیب کی کامیابی نہیں، بلکہ روحانیت اور باطن کی اس روایت کی فتح ہے جو رومی، بیدل، بلھے شاہ اور بابا فرید کے پیغام سے جڑی ہے۔ لاسلو کراسانا ہور 5 جنوری 1954 کو ہنگری کے ایک چھوٹے سے شہر میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1980 کی دہائی میں اپنا ادبی سفر شروع کیا اور پہلی ہی تصنیف Satantango کے ذریعے دنیا بھر کے سنجیدہ قارئین کو چونکا دیا۔ یہ ناول زوال پذیر دنیا کے ایک چھوٹے سے گاو¿ں کے مکینوں کی کہانی ہے، جہاں امید اور مایوسی ایک ساتھ سانس لیتی ہیں۔ اس ناول کو مشہور فلم ساز بلا ٹار نے فلمایا اور لاسلو کو عالمی سطح پر پہچان ملی۔ بعد ازاں The Melancholy of Resistance، War and War، Seiobo There Below اور Baron Wenckheims Homecoming جیسے ناولوں نے ان کی ادبی عظمت کو مستحکم کیا۔ 2015 میں انہیں Man Booker International Prize دیا گیا، اور اب نوبل انعام ان کی فکر کے عالمی اثر کی گواہی دے رہا ہے۔ لیکن میرے لیے لاسلو کی تحریروں کی سب سے بڑی کشش ان کا مشرقی روحانیت میں اترنا ہے۔ وہ بھی ایک ایسے شخص کا جو مغرب میں پیدا ہوا، مغربی فکری دھاروں میں پلا بڑھا، لیکن اپنے تخلیقی وجدان میں اس نے مشرق کے سکوت، مراقبے اور باطنی روشنی کو دریافت کیا۔ ان کی تحریریں محض کہانیاں نہیں بلکہ مراقبہ ہیں؛ ایک روحانی سفر، جو قاری کو مادیت کے شور سے نکال کر اندر کی آواز سننے پر مجبور کرتا ہے۔ ان کے ناول Seiobo there Below کو ہی لیجیے یہ فن، عبادت اور ابدیت کے سنگم پر کھڑا ایک ایسا شاہکار ہے جس میں جاپانی اور چینی روحانی روایات کو 
بیانیے کے اندر جذب کر دیا گیا ہے۔ اس ناول میں وقت ایک لکیر نہیں بلکہ ایک دائروی تجربہ ہے، جیسے صوفی اپنے دھیان میں وقت سے ماورا ہو کر حقیقت کا سامنا کرتا ہے۔ لاسلو کے جملے طویل ہیں، لیکن وہ لمبائی قاری پر بوجھ نہیں بلکہ اسے ایک خاص روحانی سانس میں داخل کرتی ہے۔ لفظوں کے درمیان جو خاموشی ہے، وہی اصل میں پیغام ہے۔ یہی روحانی گہرائی مجھے مولانا جلال الدین رومی کے کلام کی یاد دلاتی ہے۔ رومی کے ہاں عشق کے ذریعے حقیقت کا در کھلتا ہے، لاسلو کے ہاں فن اور سکوت کے ذریعے۔ رومی کہتے ہیں: جو تم ڈھونڈ رہے ہو وہ تمہارے اندر ہے۔ لاسلو کے کردار بھی دنیا کی ظاہری ہنگامہ خیزی چھوڑ کر اپنے اندر کے خاموش دائرے میں اتر جاتے ہیں۔ مغربی فکری روایت میں یہ انداز نایاب ہے۔ اسی طرح میرزا عبدالقادر بیدل نے کائنات کو ایک خواب یا سراب قرار دیا۔ ان کے ہاں حقیقت کسی پردے کے پیچھے چھپا ایک نور ہے۔ لاسلو کے ہاں بھی وقت اور وجود عارضی ہیں؛ وہ قاری کو اس پردے کے پیچھے جھانکنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ان کی تحریریں علامتوں اور رمزیت سے بھری ہوتی ہیں، جنہیں کھولنا ایک ذہنی اور روحانی ریاضت جیسا ہے۔ یہی رمزیت بیدل اور لاسلو کو ایک فکری لڑی میں جوڑتی ہے۔ بلھے شاہ اور بابا فرید الدین گنج شکر نے دنیاوی ظواہر سے ہٹ کر انسان کے اندر کی آواز سننے کی تلقین کی۔ ان کا پیغام محبت، وحدت اور سادگی کا تھا۔ لاسلو کے کردار بھی اسی کیفیت سے گزرتے ہیں۔ وہ شور و ہنگامے سے نکل کر ایک ایسی خاموشی میں داخل ہوتے ہیں جہاں کوئی آہٹ بھی معنی رکھتی ہے۔ ان کا بیانیہ اس اندرونی خاموشی کو لفظوں کے ذریعے گرفت میں لیتا ہے، جیسے صوفیا نے اپنے کلام میں روحانی تجربے کو بیان کیا۔ لاسلو کی روحانیت مذہب سے جڑی نہیں بلکہ تجربے سے جنم لیتی ہے، یہی ان کی انفرادیت ہے۔ وہ کسی نظریاتی قید میں نہیں، بلکہ ایک کھلے آسمان کے نیچے، مشرق و مغرب کے بیچ کھڑے ہو کر انسان کے باطن میں جھانکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج کے شور زدہ، مادیت پرست دور میں امید کی ایک کرن محسوس ہوتے ہیں۔ وہ مغرب کے ہنگامے میں مشرق کی خاموشی تلاش کرتے ہیں اور قاری کو یاد دلاتے ہیں کہ علم صرف کتابوں میں نہیں، بلکہ سکوت میں بھی چھپا ہے۔ میرے لیے لاسلو کی سب سے بڑی خوبصورتی یہی ہے کہ وہ مغرب سے ہیں، لیکن ان کا دل مشرق کے رنگوں میں رنگا ہوا ہے۔ وہ ہنگری کے ہیں، مگر ان کی نثر میں جاپانی مراقبہ، چینی روحانی تہذیب اور جنوبی ایشیا کی صوفیانہ خوشبو رچی بسی ہے۔ ان کے ہاں مغرب کا تجزیہ ہے لیکن مشرق کا وجدان۔ اسی امتزاج نے انہیں نوبل تک پہنچایا ہے۔ یہ نوبل انعام صرف لاسلو کا نہیں بلکہ اس فکر کا جشن ہے جو صدیوں سے مشرق میں بہہ رہی ہے۔ وہی فکر جسے رومی نے عشق میں ڈھالا، بیدل نے رمز میں چھپایا، بلھے شاہ نے گیتوں میں سنایا، اور بابا فرید نے خاموشی میں سمیٹا۔ لاسلو نے اسی روایت کو مغربی ادبیات کے قالب میں ڈھال کر عالمی سطح پر پیش کیا۔ آج جب دنیا تیز رفتاری، شور اور سطحی پن میں ڈوبی ہوئی ہے، لاسلو کا ادب ایک یاد دہانی ہے کہ اصل زندگی خاموشی، غور و فکر اور باطن کی تلاش میں ہے۔ وہ ہمیں یہ سمجھاتے ہیں کہ تہذیبوں کا اصل تصادم نہیں بلکہ مکالمہ ہوتا ہے۔ مغرب اور مشرق ایک دوسرے کو مکمل کر سکتے ہیں اور لاسلو اسی فکری ملاپ کی روشن مثال ہیں۔ نوبل انعام کی یہ خبر میرے لیے ذاتی خوشی کی بھی حامل ہے کیونکہ میں نے لاسلو کو ہمیشہ ایک ایسے مغربی ادیب کے طور پر دیکھا جو دراصل مشرق کا قاری ہے۔ انہوں نے یہ ثابت کیا کہ روحانیت سرحدوں کی پابند نہیں۔ وہ ہنگری میں پیدا ہوئے، لیکن ان کا وجدان اس دھرتی سے جڑا ہے جہاں عشق، فن، خاموشی اور وحدت کا پیغام گونجتا ہے۔ میری دعا ہے کہ لاسلو کا یہ نوبل انعام مغرب میں روحانیت اور مشرق میں فکری کشادگی کا دروازہ مزید کھولے۔ ان کی تحریریں نئی نسل کو یہ احساس دلائیں کہ علم اور شعور صرف دلیل سے نہیں بلکہ احساس سے بھی جنم لیتے ہیں۔ لاسلو کراسانا ہور نے مغرب میں رہ کر مشرق کو سمجھا اور یہی ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ لاسلو کراسانا ہور! نوبل انعام مبارک یہ انعام محض ایک ادیب کا نہیں، بلکہ روحانیت، محبت اور انسانیت کے اس بیانیے کا ہے جو صدیوں سے روشنی بانٹ رہا ہے۔

ٹیگز: