کیلیفورنیا : اوپن اے آئی نے اپنی نئی ویڈیو میکر ایپ "سورا" کو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے لانچ کر دیا ہے۔ یہ ایپ ٹک ٹاک کی طرح کام کرتی ہے، لیکن اس کا خاص فیچر یہ ہے کہ صارفین صرف تحریری ہدایات دے کر ویڈیوز بنا سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی صارف یہ لکھے کہ وہ ٹوکیو کی سڑک پر سگنلز کی روشنی میں چل رہا ہے، تو ایپ فوراً اس منظر کو ویڈیو کی شکل میں پیش کر دیتی ہے۔ شروع میں یہ ایپ صرف آئی او ایس پر دستیاب تھی، جہاں اسے پانچ دنوں میں 10 لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا تھا۔ اب یہ اینڈرائیڈ ورژن بھی چند مخصوص ممالک میں دستیاب ہے، جیسے امریکا، کینیڈا، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویتنام۔
اینڈرائیڈ ورژن میں صارفین 15 سیکنڈ تک کی مفت ویڈیوز بنا سکتے ہیں، جبکہ پرو سبسکرائبرز 25 سیکنڈ تک کی ویڈیوز بنا سکتے ہیں۔ ان ویڈیوز کو عمودی، مربع یا افقی فارمیٹس میں بنایا جا سکتا ہے، جس سے سوشل میڈیا پر شیئر کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
فی الحال یہ ایپ محدود ممالک میں دعوتی بنیادوں پر دستیاب ہے، یعنی ہر کسی کے لیے فوری طور پر قابل استعمال نہیں ہے، لیکن مستقبل میں یہ تمام ممالک کے لیے دستیاب کر دی جائے گی۔