ڈھاکہ:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری ڈھاکہ ٹیسٹ کے تیسرے روز نئے کھلاڑیوں نے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کر دیا۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز جوڑ لیے ہیں، جس میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان بلے بازوں کا کلیدی کردار رہا۔
نوجوان اوپنر اذان اویس نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی۔ انہوں نے 14 چوکوں سے سجی اپنی اننگز میں 103 رنز بنائے اور ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ان کے ساتھی ڈیبیو ٹینٹ عبداللہ فضل نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی اور 60 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
تجربہ کار کھلاڑیوں میں امام الحق 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم کپتان شان مسعود 9 اور سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہو کر مایوس کن کارکردگی کا شکار رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ تسکین احمد نے 2 شکار کیے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی اس غیر معمولی مزاحمت کے باعث پاکستان اب میچ میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔