لاہور / دبئی : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ نے فرنچائزز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی الحال دبئی میں ہی قیام پذیر رکھیں، کیوں کہ لیگ کے باقی میچز پاکستان منتقل کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاک بھارت سیز فائر کے اعلان کے بعد پی ایس ایل حکام نے فرنچائزز سے مشاورت کی ہے، اور اس کے بعد تمام ٹیموں کو کہا گیا ہے کہ مقامی کھلاڑی بھی ذہنی طور پر تیار رہیں، کیونکہ ممکن ہے کہ انہیں جلد اسلام آباد میں رپورٹ کرنا پڑے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 کے باقی میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کروانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے ابتدائی منصوبہ بندی اور مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی کوشش ہے کہ لیگ کو کامیابی سے مکمل کیا جائے اور شائقین کو دوبارہ پاکستان میں عالمی معیار کی کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔