Wed, September 16, 2026

سخت کشیدگی کے سائے میں پاکستان کا ایران سے بڑا سفارتی رابطہ: وزیراعظم شہباز شریف کا مجتبیٰ خامنہ ای کو خط

سخت کشیدگی کے سائے میں پاکستان کا ایران سے بڑا سفارتی رابطہ: وزیراعظم شہباز شریف کا مجتبیٰ خامنہ ای کو خط

اسلام آباد : وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک اہم خط ارسال کیا ہے جس میں ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا گیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے خط میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے نہ صرف ایران بلکہ پاکستانی عوام بھی شدید صدمے میں ہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی قیادت آنے والے برسوں میں ایران کو امن، استحکام اور خوشحالی کی طرف لے کر جائے گی۔ شہباز شریف نے نئے ایرانی سپریم لیڈر کی کامیابی اور صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے خط میں اس بات پر زور دیا کہ     پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخ، ثقافت اور مشترکہ عقیدے کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔    پاکستان دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے لیے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ خط ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ حالیہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں سابق سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کو دو روز قبل ہی نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیل کی جانب سے نئی ایرانی قیادت کو بھی نشانہ بنانے کے اعلانات سامنے آ چکے ہیں، جس کے باعث وزیراعظم کا یہ خط سفارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: